12 جون ، 2013
کراچی…شکیل یامین کانگا… نمبر چار سیڈ آسٹریلیا نے ورلڈ ٹیم اسکواش چیمپئن شپ کے پری کوارٹر فائنل میں پاکستان کو شکست دیکر ٹورنامنٹ سے باہر کردیا۔ نمبر 14 سیڈ پاکستانی ٹیم نے پہلے راؤنڈ کے میچوں میں روس اور ہالینڈ کو شکست دیکر ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی حاصل کی تھی لیکن آسٹریلیا نے پاکستان کی مزید پیش قدمی کو بریک لگا کر ایونٹ سے آؤٹ کردیا۔بدھ کو کھیلے جانے والے پری کوارٹر فائنل کے پہلے میچ میں آسٹریلیا کے کیمرون پائلی نے پاکستان کے 11-5، 11-3، 5-11 اور 11-6 سے، ریان کسکیلی نے فرحان زمان کو 11-9، 11-3 اور 11-6 سے شکست دیکر اپنی برتری ثابت کی۔ ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل کے بقیہ میچوں میں ٹاپ سیڈ مصر نے کینیڈا کو، نمبر دو سیڈ انگلینڈ نے اسکاٹ لینڈ کو، نمبر پانچ سیڈ ملائشیا نے امریکا کو، نمبر سات سیڈ جنوبی افریقا نے فن لینڈ ک، نمبر آٹھ سیڈ بھارتی ٹیم نے ہانگ کانگ کو 2-1 سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزازحاصل کرلیا۔ دریں اثناء ٹاپ سیڈ عقیل خان نے یاسر خان کو شکست دیکر فیڈرل کپ نیشنل رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ جیت لی۔ لیڈیز سنگلزکے فائنل میں ساراہ محبوب نے سارہ منصور کو ہرا دیا۔ فائنل کے مہمان خصوصی پی ٹی ایف کے سابق سربراہ سینیٹر دلاور عباس اور سابق سیکرٹری کمیونی کیشن محمد شیر خان تھے جنہوں نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔