پاکستان
13 جون ، 2013

دریائے سوات : تحصیل کبل اور مٹہ کے درمیان رابطہ پل کا ایک حصہ بہہ گیا

دریائے سوات : تحصیل کبل اور مٹہ کے درمیان رابطہ پل کا ایک حصہ بہہ گیا

مینگورہ…دریائے سوات کی موجیں بپھرگئیں، تحصیل کبل اور مٹہ کے درمیان رابطہ پل کا ایک حصہ بہہ گیا۔ نوشہرہ میں بھی دریائے کابل میں اُونچے درجے کے سیلاب کے باعث کئی گھر متاثر ہوئے ہیں۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد سے پانی کی سطح میں نو فٹ کا ریکارڈاضافہ ریکارڈ کیا گیا۔گلیشیئرپگھلنے کا عمل تیز ہونے سے ملکی آبی ذخائرمیں تیزی سے اضافہ ہورہاہے۔ تربیلا ڈیم میں دوسرے دن بھی پانی کی سطح میں 9فٹ کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا جس کے بعد ڈیم کی سطح ایک ہزار 464.82 فٹ پر پہنچ گئی دوسری طرف سوات کے مقام پر دریائے سوات میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ رات گئے دریا کی موجیں کانجو ایوب پل کا ایک حصہ بہا لے گئیں۔گلگت بلتستان میں دریائے سندھ سمیت معاون دریاوٴں اور ندی نالوں میں نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ پانی کی سطح بلند ہونے سیقریبی دیہاتوں میں زمینی کٹاوٴ شروع ہوگیا ہے۔ہنرہ نگر میں ندی نالوں اور دریاوٴں میں پانی کہ سطح میں اضافہ کے باعث عطاآباد جھیل کہ سطح میں اب تک 12فٹ اضافہ ہوا ہے جھیل کے کنارے کشتی اسٹینڈ اور عارضی تعمیرات بھی زیرآب آچکی ہیں۔دریائے چترال میں طغیانی کے باعث گرم چشمہ روڈ، دروشپ اور بہتولی کے مقامات پر قائم تین چھوٹے پل بہہ گئے، جس کے باعث لوگوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ سیلاب مرکز کے مطابق نوشہرہ میں دریائے کابل میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ دریا کا پانی نوشہرہ کلاں کے مختلف علاقوں میں داخل ہوگیا اور لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔دریائے کابل میں سردریاب چارسدہ کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ سے دریا میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے اور 25گھرانوں پر مشتمل گاوٴں کوخطرہ پیدا ہوگیاہے پانی ہوٹل اورگھروں میں داخل ہونے کے بعدمکینوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔دریاوٴں میں بدلتی صورتحال کے سبب مختلف علاقوں میں شگاف پڑنے کی خبریں بھی گرم ہیں۔ خیرپور کے قریب ویسٹ فیڈر کینال میں 40فٹ چوڑا شگاف اورپندرہوواہ میں تیس فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے فصلوں اور دیہاتوں کو نقصان پہنچا ہے۔نواب شاہ کی چنیسر نہر میں آر ڈی اے کے قریب 50فٹ چوڑا شگاف پڑجانے سے قریبی فصلیں زیر آب آگئی ہیں۔

مزید خبریں :