17 جون ، 2013
اسلام آباد…وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ جنرل سیلز ٹیکس میں ایک فی صد اضافہ واپس نہیں لیا جائے گا۔ یہ اضافہ یکم جولائی 2013 کی بجائے 13 جون 2013 سے نافذ العمل ہونا، قانونی ہے۔ اگر ایسا نہ ہوتا تو ٹیکس چور فائدہ اٹھاتے۔ اسلام آبا د میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس سینیٹر نسرین جلیل کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں سینیٹرز نے سیلز ٹیکس میں ایک فیصد اضافہ کو ظالمانہ قرار دیا اور تن خوا ہوں میں 10 فیصد اضافے کو ناکافی قرار دیا۔ اجلاس میں وزیر خزانہ نے کہا کہ اگر 60 ارب روپے کے ٹیکسز کا کہیں بھی انتظام ہوجائے تو ایک فیصد سیلز ٹیکس کم کیا جاسکتا ہے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ رواں مالی سال فیڈرل بورڈ آف ریونیو 20 کھرب 7 ارب روپے کا ٹیکس جمع کرے گا ۔جولائی 2012میں ٹیکس ہدف 23 کھرب 80 ارب مقرر تھا جسے کم کرکے 20کھرب 50 ارب کیا گیا لیکن وصولی اس سے بھی 43 ارب روپے کم رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی 10 فی صد تنخواہ بڑھانے کیلئے 23 ارب روپے اضافی درکار ہوں گے۔