19 جون ، 2013
اسلام آباد … وزیراعظم نوازشریف نے پاکستان کی جوہری صلاحیت کی مینجمنٹ اور سیکیورٹی ڈھانچے پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹریٹیجک پروگرام بیرونی جارحیت کے خلاف مکمل دفاعی ہتھیار ہے۔ ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کو ڈی جی اسٹریٹیجک پلانز ڈویڑن لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد احمد قدوائی نے پاکستان کے اسٹریٹیجک پروگرام کے بارے میں خصوصی بریفنگ دی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسٹریٹیجک پروگرام سالوں سے پختہ ہوچکا ہے اوریہ خطے میں امن کو مستحکم کرنے کا سبب ہے۔ بریفنگ میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کے خصوصی مشیر سرتاج عزیز اور طارق فاطمی کے علاوہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائیں بھی شریک ہوئے۔