12 مارچ ، 2012
نئی دہلی… بھارت کی پانچ ریاستوں میں منتخب ہونے والے کل 690 ارکان اسمبلی میں سے 35 فیصد یا 252 جرائم پیشہ پس منظر رکھتے ہیں۔ جمہوریت میں خصوصاً جنوبی ایشیا میں ووٹ گنے جاتے ہیں کردار نہیں دیکھا جاتا، اس کا عملی مظاہرہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار ملک بھارت کے حالیہ ریاستی انتخابات میں ہوا جہاں پانچ ریاستوں میں منتخب ہونے والے کل 690 ارکان اسمبلی میں سے 35 فیصد یا 252 جرائم پیشہ پس منظر رکھتے ہیں ان کی سب سے بڑی تعداد ا تر پردیش (یو پی) اسمبلی میں پہنچی ہے وہاں آدھے سے کچھ کم 47 فیصد یا 189 ارکان کا تعلق جرائم کی دنیا سے ہے، الیکشن کمیشن کو جمع کرائے گئے حلف نامے کے مطابق پانچ ریاستوں میں جیتنے والے کل ارکان کے 66 فیصد یا 457 ارکان کروڑ پتی ہیں۔ ریکارڈ کے مطابق اس سال کامیاب جرائم پیشہ ریکارڈ رکھنے والے ارکان کی تعداد میں 8 فیصد اور کروڑ پتیوں کی تعداد میں 32 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ یو پی کے 67 فیصد یا 271 ارکان اسمبلی کروڑ پتی ہیں 2007ء میں یہ تعداد 124 تھی۔ علاوہ ازیں یو پی کے حالیہ انتخابات میں کانگریس کے 323 ناکام امیدواروں میں سے 247 اپنی ضمانتیں ضبط کرا بیٹھے جبکہ ملک کی دوسری بڑی پارٹی بی جے پی کے 230 امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوگئیں۔