25 جون ، 2013
اسلام آباد…سانحہ نانگا پربت کے بعد بیس کیمپ کے قرب و جوار میں موجود الیس سیاحوں اور کوہ پیماوٴں کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔بے سروسامانی کے عالم میں وفاقی دارالحکومت لائے جانے والے سیاح اب تک نانگا پربت کے واقعے کو بھلا نہیں پائے۔نانگا پر بت سے اسلام آباد منتقل کئے جانیوالے غیرملکی کوہ پیماؤں میں زیادہ تر کا تعلق یوکرین،پولینڈ اور روس سے ہے۔ سیاحوں کا کہناہے کہ انہیں پاکستان کے لوگ اورثقافت ا چھی لگی لیکن پیش آنیوالے حالیہ واقعہ نے انہیں خوف میں مبتلا کردیاہے۔کوہ پیماوٴں کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے سیاحوں کی نقدی سمیت دیگر قیمتی اشیاء بھی لوٹ لیں اور باقی ماندہ سامان دیامر سے اسلام آباد منتقلی کے وقت بیس کیمپ میں ہی رہ گیا۔کوہ پیما اپنے ساتھیوں کے بچھڑنے پربہت پریشان ہیں۔ ان کاکہناہے سامان ملتے ہی وہ اپنے ملکوں کوروانہ ہوجائیں گے۔