19 جنوری ، 2012
واشنگٹن … مارک گراسمین کے غیر متوقع دورہ بھارت پر امریکا نے کہا ہے کہ دورے کا مقصد پاکستان کو کوئی پیغام بھیجنے کی کوشش نہیں ہے۔امریکا کے خصوصی نمائندے جمعے کو بھارت کادورہ کریں گے جو پہلے ان کے دورے کا حصہ نہیں تھا، بریفنگ کے دوران امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان وکٹوریا نولینڈ نے بتایا کہ مارک گراس مین باشعور فرد ہیں، وہ جہاں مناسب سمجھیں وہاں جا سکتے ہیں۔ تاہم امریکا نے واضح کیا ہے کہ خصوصی نمائندے مارک گراسمین کو اگر پاکستان جانیدیا گیا تو امریکا اس عمل کا خیرمقدم کرے گا۔ ترجمان نے بتایاکہ گراسمین پاکستان جانا چاہتے تھے لیکن پاکستان نے دورے سے منع کردیا ہے۔ مارک گراسمین بھارت کے بعد خطے کے اپنے دو ہفتے کے دورے کے دوران افغانستان ،قطر ،سعودی عرب ،ترکی اور متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے۔