13 مارچ ، 2012
اسلام آباد… روس اور ایران نے پاکستان میں ایرانی گیس پائپ لائن کی تعمیر میں دلچسپی ظاہر کی ہے جس پر غور کے لیے وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ ای سی سی کو بتایاگیا کہ روس اور ایران نے پاکستان میں ایرانی گیس پائپ لائن کی تعمیر میں دلچسپی ظاہر کی ہے جس پر دونوں ممالک کی آفر پر غور کی خاطر ایک کمیٹی قائم کردی گئی۔ کمیٹی میں وفاقی وزراء سید نویدقمر، ڈاکٹرعاصم حسین، گورنراسٹیٹ بنک، اقتصادی امور اور خزانہ کے وفاقی سیکریٹریز شامل ہوں گے۔ کمیٹی کو 2 سے 3 روز میں کام مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ای سی سی کو بتایاگیا کہ ایران نے گیس لائن بنانے کیلئے ابتدائی طور پر 25 کروڑ ڈالر کی پیش کش بھی کی ہے۔ذرائع کے مطابق ای سی سی نے خراب انجنز کی بحالی کے لئے ریلوے کو6 ارب 10 کروڑ روپے دینے کی منظوری دی، ای سی سی نے 12 لاکھ 80 ہزار ٹن گندم کی ایران کو برآمد کرنے کیلئے کمیٹی قائم کردی۔