18 جولائی ، 2013
اسلام آباد … وفاقی وزیراطلاعات و نشریات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ ممبئی حملوں اور پارلیمنٹ پر حملے میں بھارتی حکومت کے ملوث ہونے سے متعلق سابق انڈین افسر کے بیا ن پر بھارتی حکومت سے وضاحت مانگ لی ہے۔ ایبٹ آبادکمیشن کی رپورٹ منظرعام پرلانے کی تجویز پر غور کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں جیو نیوز سے بات چیت میں وفاقی وزیراطلاعات و نشریات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ سابق انڈین افسر کے بیان پر بھارت کا جواب آنے کے بعد پاکستان اپنا باضابطہ ردعمل دے گا۔ ایک سوا ل کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے حالیہ بیانا ت نا سمجھی کی باتیں ہیں، سیاستدانوں کو ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں، اے پی سی سے متعلق وہ عمران خان کی رائے کا احترام کرتے ہیں۔