04 اگست ، 2013
لندن…ایم کیوایم شعبہ اطلاعات کی جانب سے کرائے گئے سروے میں عوام کی اکثریت نے ایک مرتبہ پھر سید مصطفےٰ کمال اور کنورنوید کو بالترتیب کراچی اور حیدرآبادکے عارضی ناظمین بنانے کی حمایت کااعلان کیا ہے ۔یہ اعلان زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے ایم کیوایم کی ویب سائٹ اورسوشل میڈیا پر کرائے گئے ایک سروے میں کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی ، حیدرآباد اور سندھ کے دیگر شہروں میں طوفانی بارشوں کے بعدصحت وصفائی اور نکاسی آب کے ناقص انتظامات کے پیش نظر عوام کی جانب سے سندھ میں لوکل گورنمنٹ کے نظام کی عدم موجودگی کو عوامی مسائل کی بنیاد قراردیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا تھا کہ سید مصطفی کمال اور کنورنوید کو کراچی اور حیدرآباد کا عارضی ناظم مقررکیا جائے ۔ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے عوامی مطالبہ کی ترجمانی کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سے سابق سٹی ناظم کراچی سید مصطفی کمال اور سابق ناظم حیدرآباد کنورنوید کو عارضی ناظم مقررکرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ متحدہ قومی موومنٹ شعبہ اطلاعات کے اعلامیہ کے مطابق الطاف حسین کے مذکورہ بیان کی روشنی میں ایم کیوایم کی ویب سائٹ، فیس بک اور ٹوئٹر پرسروے کرایا گیا،جس میں عوام سے دریافت کیا گیا کہ کیا وہ عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے سید مصطفی کمال اور کنورنوید کو کراچی اور حیدرآباد کے عارضی ناظمین بنانے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں ؟ شعبہ اطلاعات کے مطابق محض چند گھنٹوں میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے اپنے ووٹ اور رائے اس مطالبہ کی حمایت کی ہے۔ ایم کیوایم کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پر عوامی آراء کا سلسلہ بدستور جارہی ہے۔دریں اثناء ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان ،حق پرست اراکین قومی وصوبائی نے طوفانی بارشوں اورسیلابی ریلوں سے شدیدمتاثرہ علاقوں سادات امروہہ کالونی،سعدی ٹاؤن،روشن باغ،کے بی آرسوسائٹی بفرزون،نیوکراچی،نارتھ کراچی،ملیراورشاہ فیصل سمیت دیگرعلاقوں کاہنگامی دورہ کیااورحالیہ طوفانی بارشوں اورسیلابی پانی کے ریلے میں پھنسے ہوئے اورشدیدمشکلات وپریشانیوں کاشکارخاندانوں خصوصاً بچوں،خواتین ،بزرگ اورنوجوانوں کونکال کرمحفوظ مقامات پرپہنچانے کیلئے امداد سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن سیدحیدرعباس رضوی ،اراکین اسمبلی سیدمزمل قریشی اورارتضی فاروقی نے شدیدطوفانی بارش سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقے سادات امروہہ کالونی،سعدی ٹاؤن ،صفورا گوٹھ ، پہلوان گوٹھ،گلستان جوہر اورگلشن اقبال کاتفصیلی دورہ کیااورپانی میں پھنسے ہوئے لوگوں کونکالنے کیلئے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیااسی طرح رکن رابطہ کمیٹی وحق پرست رکن سندھ اسمبلی اشفاق منگی نے ملیرمیں، جبکہ سیداظہارالحسن ،شیخ صلاح الدین اورانوررضا نے نیوکراچی،نارتھ کراچی،روشن باغ،کے بی آرسوسائٹی بفرزون میں بارشوں اورندی نالوں میں طغیانی کے باعث سیلابی پانی گھروں میں داخل ہو جانے سے گھروں میں پھنس جانے والے افرادکونکال کرمحفوظ مقامات پر پہنچایا ۔اس موقع پرمتاثرین نے ایم کیوایم کی جانب سے بروقت مددکی فراہمی پر الطاف حسین کاشکریہ اداکیا۔متاثرہ شہریوں نے کہاکہ پوری رات گزرنے کے باوجودکوئی حکومتی شخصیت یانمائندہ ہم تک نہیں پہنچااورنہ ہی انہوں نے کسی قسم کی مددفراہم کی۔واضح رہے کہ ایم کیوایم اور خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے بارشوں اورسیلابی ریلوں سے متاثرہ عوام کی مددکیلئے امدادی سرگرمیوں کوسلسلہ جاری ہے۔