16 مارچ ، 2012
میرپور (بنگلہ دیش) … بنگلہ دیش نے دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو 5 وکٹ سے شکست دے کر ایشیا کپ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی، ٹورنامنٹ کے چوتھے میچ میں بنگلہ دیش نے 290 رنز کا ہدف پچاس ویں اوور کی دوسری گیند پر مکمل کرلیا، تمیم اقبال، ظہور الاسلا اور ناصر حسین نے نصف سنچریاں اسکور کیں، سچن ٹنڈولکر کی 100 ویں سنچری بھارت کے کسی کام نہ آسکی۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹ پر 289 رنز بنائے تھے۔ مشکل سمجھے جانے والے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ صرف 15 رنز پر گرگئی تھی تاہم تمیم اقبال اور ظہور الاسلام نے دوسری وکٹ کیلئے 113 رنز کی شاندار شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح کی راہ دکھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ تمیم 70 اور ظہور 53 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے۔ تاہم ان کے بعد آنے والے ناصر حسین نے بھی جیت میں حصہ ڈالتے ہوئے شاندار 54 رنز بنائے۔ آل راوٴنڈر شکیب الحسن نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 31 گیندوں پر 49 رنز بنا ئے جس کے لئے 5 چوکے اور 2 چھکے بھی لگائے وہ ایشون کی گیند پر اسٹمپ آوٴٹ ہوئے۔ کپتان مشفیق الرحیم بھی بھارتی بولرز پر قہر بن کر ٹوٹے اور صرف 25 گیندوں پر 3چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے برق رفتار ناقابل شکست 46 رنز بناڈالے۔ بھارت کی جانب سے پیوش کمار نے 3 ، ایشون اور جڈیجا نے ایک ایک وکٹ لی۔ شکیب الحسن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔