17 مارچ ، 2012
اسلام آباد … صدرمملکت کے پارلیمنٹ سے خطاب کے موقع پر ایوان کی مہمان گیلریوں میں ملک کی سیاسی و عسکری قیادت روایتی طور پر موجود تھی تاہم پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ سمیت گورنر سندھ کی نشستیں خالی رہیں۔ قومی اسمبلی کے ہال میں پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس سے صدر زرداری کے خطاب سے پہلے حکومتی اتحادی ایک دوسرے سے گلے ملتے رہے۔ قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان صدر زرداری کی آمد کے بعد پہنچے، تاہم وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے علاوہ اس تاریخی موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی نشستیں بھی خالی رہیں۔ مہمانوں کی گیلریوں میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، کئی ممالک کے سفیر اور آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کی قیادت بھی موجود تھی۔ گیلری میں وزرائے اعلیٰ اور گورنرز کی نشستیں ایک ساتھ رکھی گئی تھیں جہاں سندھ، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ جبکہ بلوچستان اور پنجاب کے گورنرز براجمان تھے۔ مہمانوں میں اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال بھی شامل تھے لیکن صدر کا پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس سے تاریخ ساز خطاب سننے ان کے دیرینہ دوست اور سابق چیئرمین سینیٹ فاروق ایچ نائیک بھی نہیں آئے۔