17 مارچ ، 2012
خیر پور … وزیر داخلہ سند ھ منظور وسان نے کہا کہ ایم کیو ایم حکومت میں ہے سندھ اسمبلی میں گزشتہ روز ایم کیو ایم کی ہنگامہ آرائی کا دن سیاہ دن تھا ۔ خیرپور کے علاقے وسان آباد میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے منطور وسان نے کہا کہ بھتہ خوروں کی فہرست سپریم کورٹ میں پیش کردی گئی ہے اب دیکھا جائے کہ کون لوگ بھتہ خور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاجر اور احتجاج کر نے والے تعاون کریں گے تو بھتہ خوری بھی ختم کر دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے تاجر بھتہ خوروں کے خلاف جو کارروائی کرنے کا کہیں گے وہ ہم کریں گے۔ منظور وسان نے کہاکہ کراچی کا امن وامان خراب کرنے میں وہ قوتیں ملوث ہیں جو ملک میں امن دیکھنا نہیں چاہتی ۔