18 مارچ ، 2012
واشنگٹن…امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل مارٹن ڈیمپسے نے کہاہے کہ سرحد پر پاکستان اور امریکا کے درمیان قریبی رابطہ بحال ہوگیا ہے۔ امریکی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جنرل ڈیمپسے کا کہنا تھا کہ 26 نومبر کو سلالہ چیک پوسٹ کے واقعے کے بعد 16 مارچ کو پاکستانی اور امریکی حکام کا اجلاس ہوا۔ امریکا نے جو بہترین کام کیا وہ یہ تھا کہ مائیکرو فون پر پاکستانی حکام سے رابطہ نہیں کیا بلکہ براہ راست بات چیت کی۔ اب سرحد پر امریکا کا پاکستان کے ساتھ دوبارہ قریبی رابطہ ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت ہوتی رہتی ہے۔ ایک سوال پر جنرل ڈیمپسے نے امید ظاہر کی کہ دونوں ملک باہمی مفادمیں نئے سرے سے تعلقات استوار کرسکتے ہیں۔ ایک اور سوال پر اْن کا کہنا تھا کہ گذشتہ برسوں کے دوران کئی چیلنجوں کا سامنا کرنے کے بعد اب پاکستان میں استحکام ہے۔ تاہم بعض دہشت گرد گروپوں کے فرار کا معاملہ دونوں ملکوں کے لئے تشویش کا سبب بن سکتا ہے۔ امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس نے اس یقین کا اظہار کیا کہ جنرل اشفاق پرویز کیانی پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے ہرممکن بہترین کوششیں کریں گے۔