پاکستان
19 مارچ ، 2012

سندھ اسمبلی میں متحدہ کی معذرت، ارباب رحیم کی درخواست مسترد

سندھ اسمبلی میں متحدہ کی معذرت، ارباب رحیم کی درخواست مسترد

کراچی… متحدہ قومی موومنٹ نے نیشنل پیپلزپارٹی کے رہنما عارف مصطفیٰ جتوئی کیساتھ سندھ اسمبلی میں ناخوشگوارواقعہ پرمعذرت کرلی ، جبکہ ایوان نے سابق وزیراعلی ارباب غلام رحیم کی رخصت کی درخواست ایک مرتبہ پھر مسترد کردی۔اجلاس میں نکتہ اعتراض پر ایم کیو ایم کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر فیصل سبزواری نے کہا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز اور بھتہ خوری کے خلاف سولہ مارچ کومتحدہ قومی موومنٹ نے تاجروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ، اسمبلی کے اندر اور باہر احتجاج کیا، عارف جتوئی کے ساتھ جو ناخوشگوار واقعہ ہوا ایسا کرنے کی ایم کیو ایم کی نیت نہیں تھی، عارف جتوئی کو اسی روز فون کرکے ان سے معذرت کی تھی، اور آج اس فلور پر بھی ان سے معذرت کرتا ہوں،انہوں نے بتایا کہ صدر آصف علی زرداری نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کو فون کیا اور بھتہ مافیا کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی،،مسرورجتوئی نے کہا کہ ایم کیو ایم سمیت تمام جماعتیں بھتا خوری کے خلاف ہیں، احتجاج کا حق سب کو ہے، اسمبلی کے اندر معزز ارکان کا جو رویہ نظر آیا اس کے خلاف ہم نے احتجاج کیا،ایم کیو ایم کے دوستوں نے رویئے کو محسوس کیا اور معذرت کی اس کو قبول کرتے ہیں،اس سے پہلے ارباب ذوالفقار نے ارباب غلام رحیم کی رخصت کی درخواست پیش کی جس میں کہا گیا کہ وہ پہلے اجلاس میں شرکت کیلئے آئے تو ان پر حملہ کیا گیا، وہ جان کے خوف سے سندھ نہیں آرہے،اس حوالے سے عدالت سے بھی رجوع کیا گیا ہے اور، عدالت نے حکم دیا ہے کہ ان کی رخصت کی درخواست منظور کی جائے، قائم مقام اسپیکر نے درخواست ایوان میں پیش کی جسے کثرت رائے سے مسترد کردیا گیا۔=

مزید خبریں :