17 ستمبر ، 2013
واشنگٹن…امریکی فوجی تنصیبات ایک بار پھر نشانہ بنیں اپنی ہی سرزمین پر، اس بار واشنگٹن میں بحریہ کے ہیڈکوارٹر میں مسلح افراد نے 12 افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا، سیکورٹی فورسز نے حملہ آور کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، صدر بارک اوباما نے اس واقعے کو بزدلانہ اقدام قرار دیدیا۔ مقامی وقت کے مطابق صبح سوا 8 بجے کے قریب بحریہ کے اہم ترین آپریشنل ہیڈکوارٹرمیں فائرنگ سنائی دی، واقعے کے 7 منٹ بعد فورسز کے دستے عمارت میں داخل ہوگئے، فوری طور پر عمارت میں موجود تمام افراد کو اندر رہنے کی ہدایت جاری کردی گئی اور عمارت میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔ پہلے زمینی کارروائی کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیم نے عمارت کے اندرونی حصے کا رخ کیا جس کے بعد ہیلی کاپٹرز کے ذریعے انسداد دہشت گردی ٹیم عمارت کے اندر داخل ہوئی۔ پولیس کے دستوں کے علاوہ ایف بی آئی نے بھی اس کارروائی میں حصہ لیا۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ ایک حملہ آور نے فوجی وردی اور ایک نے سیاہ رنگ کا لباس پہنا ہوا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ چوتھی منزل پرکیفے ٹیریا میں ہوئی۔ صدر اوباما کا کہنا ہے کہ امریکاکوآج اپنی سرزمین پرناقابل یقین پرتشدد کارروائیوں کاسامناہے۔ اس واقعے کی تحقیقات ایف بی آئی کے سپرد کردی گئی ہے۔