پاکستان
23 ستمبر ، 2013

سانحہ پشاور کے خلاف سندھ اسمبلی میں متفقہ مذمتی قرارداد منظور

سانحہ پشاور کے خلاف سندھ اسمبلی میں متفقہ مذمتی قرارداد منظور

کراچی…سانحہ پشاور کے خلاف سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر سے سختی سے نمٹا جائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ارکان اسمبلی نے وفاقی حکومت سے ایسے عناصر سے مذاکرات پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا ہے۔ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں سانحہ پشاور پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ پیپلز پارٹی ، ایم کیوایم ،مسلم لیگ فنکشنل ،تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے ارکان نے مشترکہ مذمتی قرارداد پیش کی۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سانحہ پشاور میں ملوث عناصر کوقرار واقعی سزا دی جائے ۔بحث میں ارکان اسمبلی کا کہنا تھاکہ پاک فوج پر حملے اورسانحہ پشاور کے بعد وفاقی حکومت ایسے عناصر سے مذاکرات کے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے بتایا کہ دنیا کو پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ پاکستان میں اقلیت غیر محفوظ ہے۔قائد حزب اختلاف فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ سانحہ پشاورمیں ملوث لوگ مسلمان نہیں ہوسکتے ،1995 میں جب پہلا خودکش حملہ ہوا اس وقت تو ڈرون نہیں تھے ۔مسلم لیگ فنکشنل کی مہتاب اکبر راشدی اور تحریک انصاف کی رُکن ڈاکٹر سیما کا کہنا تھا کہ امید کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے بلکہ ایسی پالیسی بنائی جائے جس سے دہشت گردی کی اس عفریت سے نجات پائی جائے ۔ بعد میں ممبران کی بڑی تعداد نے قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی اور اجلاس منگل کی صبح تک ملتوی کردیا گیا۔

مزید خبریں :