پاکستان
25 ستمبر ، 2013

بلوچستان میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 328 ہوگئی

بلوچستان میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 328 ہوگئی

کوئٹہ…بلوچستان کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ہلاکتوں کی تعداد 328 ہوگئی ہے، آواران کئی متاثرہ علاقوں میں اب تک امدادی ٹیموں کی رسائی نہیں ہوسکی ہے۔زلزلے سے متاثرہ علاقوں آواران اورکیچ میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ملبہ گرنے سے سڑکیں بند ہیں اور مواصلات کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے، کئی ایسے علاقے ہیں جہاں ابھی تک امدادی ٹیمیں نہیں پہنچ سکی ہیں، علاقے میں خوراک اور پانی کی شدید قلت ہے۔ بلوچستان حکومت کے ترجمان کے مطابق زلزلے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 328 ہو گئی ہے۔ گجکو کے علاقے میں ایک مدرسے کی چھت گرنے سے 20 سے زائد طلباء کی ہلاکت کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ ترجمان بلوچستان حکوت جان محمد بلیدی نے کہا ہے کہ صوبہ بھر سے طبی ماہرین کو آواران طلب کیاگیاہے ادویات ،خوراک اورپینے کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ بلوچستان حکومت کا کہنا ہیکہ پاک فوج کے چھ ہیلی کاپٹرصوبائی حکومت کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں۔چیف سیکریٹری بلوچستان بابریعقوب فتح محمد نے ضلع آواران کا دورہ کیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متاثرین کی مدد کے لئے فوری کارروائیاں کی جائیں۔انہوں نے کہاکہ متاثرہ افرادکی رہائش کے لئے پانچ ہزار خیمے ،اورچالیس گاڑیاں صاف پانی اورخوراک لئے آواران پہنچ رہی ہیں۔

مزید خبریں :