26 ستمبر ، 2013
کوئٹہ…وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے کہاہے کہ بلوچستان کے موجودہ حالات کی ذمہ دار اسٹیبلشمنٹ اور بلوچستان کے نواب اور سردار ہیں۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا ہے کہ بلوچوں کی اکثریت وفاق پاکستان کے تحت اپنے حقوق چاہتی ہے۔ ملک کی اسٹیبلشمنٹ اور قبائلی سردار صوبے کے موجودہ بحران کے ذمہ دار ہیں۔لندن میں جنگ فورم کے تحت تقریب میں بات کرتے ہوئے بلوچستان کے وزیراعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہا کہ جو لوگ کوئٹہ میں پنجابیوں اور دیگر افراد پرحملے کررہے ہیں وہ بلوچوں کے دوست نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ بلوچوں کے دشمن ہیں کیونکہ ان کے اس اقدام سے بلوچوں کے عزائم کو خطرات ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ بلوچستان کی صورتحال اپنی پالیسیوں کے ذریعے خراب کرنے کی ذمہ دار ہے۔