پاکستان
26 ستمبر ، 2013

عمران خان کی طالبان کا دفترکھولنے کی تجویز بچگانہ ہے، فضل الرحمان

عمران خان کی طالبان کا دفترکھولنے کی تجویز بچگانہ ہے، فضل الرحمان

اسلام آباد … جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کی جانب سے طالبان کا دفترکھولنے کی تجویز بچگانہ ہے، میجر جنرل کی شہادت اور چرچ پر حملے سے فوج، حکومت اور سیاسی جماعتوں میں ردعمل پیدا ہوا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کی جانب سے طالبان کا دفتر کھولنے کی بات حالات کا ادراک نہ رکھنے والی بات ہے، وزیراعظم آئیں گے تو صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت اور طالبان میں ابھی کوئی معاہدہ ہی نہیں ہوا جس پر کہا جائے کہ اس کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا ایسا لگتا ہے کہ ناموس رسالت قانون کے معاملے پر تحریک انصاف اپنے اصل ایجنڈے پر آگئی ہے، مگرناموس رسالت قانون میں تبدیلی کی بات دل سے نکال دی جائے، اس قانون کا غلط استعمال روکنے پر ضرور بات ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات آئینی تقاضا ہے، صوبے اس کی مختلف شکلیں بنا رہے ہیں، ملک بھر میں ایک جیسا بلدیاتی نظام ہونا چاہئے، صوبوں کو اختیارات دینے کے بعد اب جبر نہ کیا جائے کہ وہ کب بلدیاتی انتخابات کرائیں۔

مزید خبریں :