27 ستمبر ، 2013
نیویارک…وزیر اعظم نواز شریف آج رات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ بھارتی وزیراعظم سے ان کی ملاقات ہفتے کو نیویارک میں ہوگی جبکہ آئندہ ماہ امریکا کے دورے میں وہ صدر بارک اوباما سے ملیں گے۔جنرل اسمبلی سے وزیر اعظم نواز شریف کا خطاب پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے ہوگا۔نیویارک میں وزیر اعظم سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے نواز شریف سے ملاقات کی جس میں افغانستان سمیت دو طرفہ ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جان کیری نے صدر اوباما کی طرف سے نواز شریف کو امریکا کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے دعوت قبول کرلی۔ شیڈول کے مطابق نواز شریف 23 اکتوبر کو صدر اوباما سے واشنگٹن میں ملیں گے۔ نواز شریف کی ایک اور اہم ملاقات ہفتے کو بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ سے ہوگی۔ دونوں رہنما کشیدگی میں کمی اور تعلقات بہتر بنانے پر بات چیت کریں گے۔وزیر اعظم نواز شریف نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ایٹمی تخفیف اسلحہ اجلاس سے بھی خطاب کیا۔ اْن کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلحے کی دوڑ میں شامل ہوئے بغیر کم سے کم ایٹمی طاقت پر یقین رکھتا ہے ۔ عالمی برادری ایٹمی ہتھیاروں کے حوالے سے امتیازی سلوک ختم کرے۔نیویارک میں وزٍیراعظم نواز شرٍیف کی جاپانی وزٍیراعظم شن زو ایبے سے بھی ملاقات ہوئی جس مٍیں تجارتی تعاون سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔برطانیہ کی سینئر وزیر سعیدہ وارثی نے بھی نوازشریف سے ملاقات کی جس مٍیں تعلٍیم اور توانائی کے امور پر تبادلہ خٍیال کٍیا گٍیا۔سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل بھی وزیراعظم نوازشریف سے ملے اور مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی۔نیٹو کے سیکرٹری جنرل اینڈرز فوگھ راسموسین نے بھی نواز شریف سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماوٴں نے افغانستان اور خطے میں سلامتی کی صورت حال ، پاکستان اور نیٹو کے تعلقات پر گفت گو کی۔