22 مارچ ، 2012
ڈھاکا…ایشیا کپ کرکٹ کے فائنل میں بنگلا دیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان نے ایک تبدیلی کی ہے اور وہاب یاض کی جگہ وکٹ کیپر سرفراز احمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔پاکستان نے واحد ایشیا کپ ٹائٹل2000ء میں جیتا تھا۔ بنگلہ دیش نے عالمی اور ایشین چمپئن بھارت اور سابق عالمی اور ایشین چمپئن سری لنکا کو حیران کن شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔ پاکستان تیسری جبکہ بنگلا دیش پہلی بار ایشیا کپ فائنل کھیل رہا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ایشیا کپ کا افتتاحی میچ پاکستان نے29 رنز سے جیتا تھا۔ پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف ریکارڈ23 فتوحات حاصل کر رکھی ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر30 ون ڈے انٹرنیشنل میچ ہوئے ہیں۔ پاکستان نے29 فتوحات حاصل کی ہیں۔ بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف واحد کامیابی1999ء کے ورلڈ کپ میں حاصل کی تھی۔ بنگلہ دیش کے کپتان مشفق الرحیم کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ہرا کر ٹورنامنٹ جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، ہماری ٹیم نے ٹورنامنٹ میں جس قسم کی کارکردگی دکھائی ہے ٹیم بڑی فتح حاصل کر کے ہوم گراؤنڈ پر تاریخ رقم کرنا چاہتی ہے۔ پاکستان کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ٹیم انتظامیہ کے ساتھ مل کر مربوط حکمت عملی تیار کرلی ہے، ٹورنامنٹ میں پاکستان کی کارکردگی اچھی رہی ہے تاہم بیٹنگ اور فیلڈنگ کے شعبے میں خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔