کھیل
22 مارچ ، 2012

ایشیا کپ فائنل: پاکستان بنگلہ دیش کو237 رنز کا ہدف

ایشیا کپ فائنل: پاکستان بنگلہ دیش کو237 رنز کا ہدف

میرپور (بنگلا دیش) …ایشیا کپ کرکٹ کے فائنل میں پاکستان نے بنگلا دیش کو میچ جیتنے کیلئے237رنزکا ہدف دیا ہے، سرفراز احمدناقابل شکست 46 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے، سرفراز اور اعزاز چیمہ نے اننگز کے آخری اوور میں 19 رنز بنائے دونوں نے آخری وکٹ کیلئے 30 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا اسکور 236 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میرپور میں کھیلے جارہے اس میچ میں سری لنکن کپتان مشفق الرحیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور جلد ہی اسے پہلا نقصان ناصر جمشید کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ صرف 9 رنز بناکر مشرفی مرتضیٰ کا شکار بنے۔ محمد یونس صرف ایک رنز بناکر نظم الحسین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور پرصرف 19 رنز تھا۔ کپتان مصباح الحق 13 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔ محمد حفیظ نے 87 گیندوں پر 40 رنز بناکر پویلین کی راہ لی۔ عمر اکمل اور حماد اعظم30 ،30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔شاہد آفریدی نے 21 گیندوں پر 32 رنز کی تیز اننگز کھیلی، عمر گل اور سعید اجمل 4، 4 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے، سرفراز احمد نے 52 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 46 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، اعزاز چیمہ 9 رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے۔ بنگلا دیش کی جانب سے مشرفی مرتضیٰ، عبدالرزاق اور شکیب الحسن نے 2 ، 2 جبکہ نظم الحسین اور محمود اللہ نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید خبریں :