کھیل
22 مارچ ، 2012

پاکستان نے ٹائیگر ز کو 2رنز سے ہرا کر ایشیاء کپ کا تاج اپنے سر سجالیا

پاکستان نے ٹائیگر ز کو 2رنز سے ہرا کر ایشیاء کپ کا تاج اپنے سر سجالیا

میرپور،ڈھاکا…پاکستان نے ایشیاء کپ کے فائنل میں میزبان بنگلہ ویش کو 2رنز سے ہرا کر کرکٹ میں ایشیاء کی قیادت کا تاج اپنے سر سجا لیا،آخری گیند تک جاری رہنے والے اس مقابلے نے پورے برصغیر اور کرکٹ کھیلنے والی دنیاکو اپنی جانب محو رکھا،شاہد آفریدی کو انکی آل راؤنڈ پرفارمنس پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا،میچ کے دورا ن بنگلہ دیش کی وزیراعظم حسینہ واجد،پی سی بی کے سربراہ چوہدری ذکا ء اشرف سمیت پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش کی کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 237رنز کا ہدف ملاتھا تاہم اپنی اننگز کی آخری گیند پر 234رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔اس سے قبل بنگلہ دیش کے کپتان مشفق الرحیم نے میر پور کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس فائنل کا ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی جس پر پاکستان نے اپنے مقررہ پچاس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 236 کا مجموعہ ترتیب دیا ۔یوں بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 237رنز درکار تھے،بنگلہ دیش نے اپنی اننگز کا آغاز نہایت ہی پراعتماد انداز میں کیا اور 68کی اوپننگ شراکت قائم کی۔ایک موقع پر تو بنگلہ دیش کے تین وکٹوں پر 169رنز تھے اور یوں محسوس ہورہا تھا کہ ٹائیگرز آج پاکستان کو پچھاڑ دینگے مگر اس موقع پر اعزاز چیمہ اور سعید اجمل نے اوپر تلے بنگلہ دیش کے چار ان فارم بیٹسمینوں کو آؤٹ کرکے میچ کی صورتحال تبدیل کردی،گوکہ عمر گل کے آخری لمحات کے اوورز پاکستان کے لیے خطرناک ثابت ہوئے تاہم اعزاز چیمہ نے صورتحال کو قابو میں رکھا،بنگلہ دیش کی جانب سے تمیم اقبال 60،شکیب الحسن 68اور ناصر حسین 28قابل ذکر بیٹسمین تھے۔پاکستان کی جانب سے اعزاز چیمہ نے تین جبکہ عمرگل اور سعید اجمل نے دودو جبکہ شاہد آفرید ی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید خبریں :