پاکستان
11 نومبر ، 2013

منور حسن کا مذموم بیان:فوج نے پاکستانیوں کے دل جیت لئے ،الطا ف حسین

  منور حسن کا مذموم بیان:فوج نے پاکستانیوں کے دل جیت لئے ،الطا ف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پاک فوج کے شعبہء تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے اس بیان کا زبردست خیرمقدم کیا ہے جس میں انہوں نے پاک فوج کے بارے میں امیرجماعت اسلامی منورحسن کے غیرذمہ دارانہ بیان کی شدیدمذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ منورحسن نے مسلح افواج ،پولیس اورسیکوریٹی فورسزکے افسروں جوانوں اور ہزاروں پاکستانی شہریوں کے سفاک قاتل اورمساجد، امام بارگاہوں، بزرگان دین کے مزارات، دیگرمذاہب کی عبادت گاہوں،اسکولوں، مسلح افواج کے ہیڈکوارٹرجی ایچ کیو ، آرمی،نیوی، فضائیہ کی حساس تنصیبات، حساس اداروں کے دفاتر اوردیگراہم مقامات پر بم دھماکوں کے ذمہ دارحکیم اللہ محسود کو شہید قرار دیا تھاجبکہ پاکستان کی سلامتی کیلئے اپنی جا نیں قربان کرنے والے مسلح افواج کے افسروں اورجوانوں کی قربانیوں کی توہین کی تھی۔ مسلح افواج نے منور حسن کے اس غیرذمہ دارانہ اورملک دشمن بیان کی واضح الفاظ میں مذمت کرکے نہ صرف پاکستان کے 18 کروڑ عوام کے دلی جذبات کی ترجمانی کی ہے بلکہ ان میں نئی ہمت، حوصلہ اورجرات پیدا کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ فوج کے ترجمان نے منور حسن کے مذموم بیان پر واضح موٴقف اختیارکرکے18کروڑ پاکستانیوں کے دل جیت لئے ہیں اورثابت کردیاہے کہ ملکی سلامتی اوربقاء پر مامور ادارے، ملکی سلامتی اورعوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ماضی کی طرح جرات وہمت کے ساتھ دشمنان پاکستان کامردانہ وارمقابلہ کرنے کیلئے تیارہیں۔ الطاف حسین نے دہشت گردوں کے ہاتھوں شہیدہونے والے مسلح افواج کے افسروں اورجوانوں کے لواحقین سے ایک مرتبہ پھردلی ہمدردی اوریکجہتی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ میں پاک فوج کے تمام جرنیلوں ، افسران اورجوانوں کو یقین دلاتاہوں کہ ہرکڑے اورمشکل وقت میں ملک کے 18کروڑعوام آپ کے شانہ بشانہ ہوں گے۔

مزید خبریں :