11 نومبر ، 2013
واشنگٹن…پاکستان کی توانائی ضروریات پر تبادلہ خیال اور امریکی تعاون سے متعلق پاک امریکا انرجی ورکنگ گروپ کا اجلاس کل واشنگٹن میں ہوگا۔ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق ورکنگ گروپ توانائی کی پیداوار،متبادل توانائی اور گیس سمیت پاکستان میں توانائی سیکٹر میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے کام کررہا ہے۔دونوں ملکوں کے درمیان اسٹرٹیجک ڈائیلاگ فریم ورک اگست میں امریکی سیکریٹری خارجہ جان کیری کے دورہ پاکستان کے دوران از سر نو تشکیل دیا گیا تھا۔ اجلاس میں امریکا کے خصوصی ایلچی اور سفارتکار کارلس پا سکل ،کوآرڈی نیٹر برائے بین الاقوامی توانائی امور اور پاکستان کے وفاقی وزیر برائے پٹرولیم،قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی اور وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف شرکت کرینگے۔ امریکی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں توانائی سیکٹر کی ترقی اور فروغ کیلئے تعاون کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر2009ء کے بعد امریکا نے اب تک پاکستانی گرڈ میں ایک ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ کرنے میں مدد فراہم کی ہے۔