25 مارچ ، 2012
حافظ آباد … مسلم لیگ ق پنجاب کے سیکریٹری جنرل چوہدری ظہیر الدین کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن ان کی جماعت ق لیگ کے ساتھ جھگڑا کرکے اپنی توانائیاں ضائع کررہی ہے۔ وہ حافظ آباد میں سابق رکن قومی اسمبلی مہدی بھٹی کے بیٹے کی دعوت ولیمہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ چوہدری ظہیرالدین کا کہنا تھا کہ جب پیپلز پارٹی کی حکومت گرانے کیلئے کچھ نادیدہ قوتوں نے اتحاد کیا تو مسلم لیگ ق نے اپنے اصولوں پر قائم رہتے ہوئے ان سے اتحاد کیا تھا۔ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے، لاہور جیسے شہر میں روزانہ ڈکیتی کی ایک ہزار سے زائد وارداتیں ہو رہی ہیں جو حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔