25 مارچ ، 2012
اسلام آباد … خارجہ پالیسی اور پاک امریکا تعلقات پر قومی سلامتی کمیٹی کی سفارشات پر بحث کیلئے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس 3 روز کے وقفے کے بعد کل ہوگا۔ جمعرات کو قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ میاں رضا ربانی نے خارجہ پالیسی کے متعلق پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات ایوان میں پیش کیں، تاہم قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے ان سفارشات کا جائزہ لینے کیلئے وقت مانگا تھا جس کے بعد اجلاس پیر تک کیلئے ملتوی کردیا گیا تھا۔ پیر کی سہ پہر 4 بجے شروع ہونے والے سینیٹ اور قومی اسمبلی کے مشترکہ اجلاس میں سفارشات پر باضابطہ بحث کا آغاز چوہدری نثار کریں گے جس کے بعد دیگر جماعتوں کے ارکان اس میں حصہ لیں گے۔ اجلاس کیلئے متفقہ لائحہ عمل تیار کرنے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماوٴں کا اجلاس ہفتہ کو اسلام آباد میں ہوا۔ ذرائع کے مطابق مشترکہ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پارلیمنٹ اور آل پارٹیز کانفرنس کی قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا جائے گا ۔ ایوان میں بحث مکمل ہونے کے بعد سفارشات کی منظوری دی جائے گی۔