پاکستان
25 مارچ ، 2012

کراچی:اٹلی میں خودکشی کرنیوالی فاخرہ ڈیفنس قبرستان میں سپردخاک

کراچی:اٹلی میں خودکشی کرنیوالی فاخرہ ڈیفنس قبرستان میں سپردخاک

کراچی … اٹلی میں خود کشی کرنے والی فاخرہ یونس کو کراچی کے ڈیفنس قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، ایم کیو ایم، پیپلزپارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے مذمت اور فاخرہ کے مبینہ شوہر بلال کھر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیاہے۔ اٹلی میں گزشتہ روز 12سال سے انصاف نہ ملنے پر مایوس ہوکر غلام مصطفی کھر کی بہو فاخرہ نے خودکشی کرلی تھی۔ پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ غلام مصطفی کھر کی سابق اہلیہ تہمینہ درانی اور فاخرہ کی بہن نے کراچی ایئرپورٹ پر لاش وصول کی۔ اطالوی سفارتکار ایم کیو ایم کے وزراء اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور خواتین کی بڑی تعداد فاخرہ کھر کی میت لینے کراچی ایئر پورٹ پر موجود تھے، اس موقع پر خواتین نے خواتین پر ظلم کے خلاف احتجاج بھی کیا اور نعرے بازی کی۔ یم کیو ایم کے وزراء و اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے فاخرہ کے سوگرار لواحقین سے دلی تعزیت ہمدردی کا اظہاربھی کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تہمینہ درانی نے کہا کہ فاخرہ ایک بہادر عورت تھی، اس نے قوم کو دوبارہ جگادیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، فریال تالپور اور وزیر اطلاعات سندھ شازیہ مری نے فاخرہ کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فاخرہ کے مجرم کو سخت سزا ملنی چاہئے۔ فاخرہ کی نماز جنازہ ایدھی سینٹر سہراب گوٹھ پر ادا کی گئی جبکہ تدفین ڈیفنس کے قبرستان میں ہوئی۔

مزید خبریں :