پاکستان
25 مارچ ، 2012

آئی ٹی کے فروغ کیلئے جامع اقدامات یقینی بنائے جائیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

آئی ٹی کے فروغ کیلئے جامع اقدامات یقینی بنائے جائیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ … وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اس حوالے سے موٴثر اورجامع اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ یہ ہدایت انہوں نے کوئٹہ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی جس میں صوبے میں انفارمشن ٹیکنالوجی کے فروغ سے متعلق امور کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں حتمی شکل دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی حکومت اور مائیکروسافٹ کے اشتراک عمل کیلئے ایم او یو کی اصولی طور پر منظوری دیتے ہوئے محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، محکمہ خزانہ، محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی اور محکمہ قانون کو ہدایت کی کہ مجوزہ ایم او یو کا جائزہ لیکر 10دن کے اندر انہیں رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے کے نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ان کی صحیح سمت میں رہنمائی کرکے انہیں جدید سہولتیں فراہم کرتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جائے تاکہ وہ خود کو آنے والے دور کے تقاضوں کے مطابق ڈھال سکیں۔ سردار اسلم رئیسانی نے ای گورنمنٹ کے قیام کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری دفاتر میں کمپیوٹر ٹیکنالوجی کے استعمال کے فروغ سے محکموں کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا اور صوبے میں ترقیاتی عمل تیز ہونے کے ساتھ ساتھ عوام کو درپیش مسائل کم وقت میں حل ہوسکیں گے۔

مزید خبریں :