کھیل
26 مارچ ، 2012

ایشیا کپ کرکٹ: اے سی سی نے بنگلا دیش کا اعتراض مسترد کردیا

ایشیا کپ کرکٹ: اے سی سی نے بنگلا دیش کا اعتراض مسترد کردیا

ڈھاکا…ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ کے فائنل میں آخری اوور پر بنگلا دیش کا اعتراض مسترد کردیا۔ ایشین کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو اشرف الحق نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فیلڈ امپائر نے ہی یہ معاملہ رپورٹ نہیں کیا اس لیے یہ معاملہ اب ختم ہوچکا ہے اگر وہ اسے رپورٹ کرتے تو کچھ کیا جاسکتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس بارے میں بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کو بھی سرکاری طور پر آگاہ کردیا گیا ہے۔بنگلا دیش نے ایشیا کپ کرکٹ کے فائنل میں آخری اوور کے دوران پاکستانی بالر اعزاز چیمہ کی جانب سے بنگلا دیشی بیٹسمین محمود اللہ کو رن لیتے ہوئے جان بوجھ کر روکنے کا الزام عائد کیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش بورڈ کے اس دعوے کو مضحکہ خیز ،بھونڈا اور مایوس کن قرار دیا تھا۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین آپریشنز کمیٹی عنایت حسین نے دعویٰ کیا تھا کہ فائنل میچ کے آخری اوور میں اعزاز چیمہ نے جان بوجھ کر محمود اللہ کو رن لینے سے روکا تھا۔ واضح رہے کہ پاکستان نے ایشیا کپ کرکٹ کے فائنل میں بنگلا دیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو رنز سے شکست دی تھی۔

مزید خبریں :