27 مارچ ، 2012
ویلنگٹن…کین ولیم سن کی شاندار سنچری کے باعث نیوزی لینڈ جنوبی افریقا کے خلاف تیسرا ٹیسٹ ڈرا کرنے میں کامیاب ہوگیا، تاہم پروٹیز نے تین میچوں پر مشتمل سیریز ایک۔ صفر سے اپنے نام کرلی۔ ویلنگٹن میں کھیلے گئے ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز جنوبی افریقا نے 189رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی، یوں میزبان ٹیم کو میچ جیتنے کیلئے 389 رنز کا ہدف ملا۔ کیوی ٹیم کی دوسری اننگز کا آغاز بھی مایوس کن رہا اور ایک موقع پر صرف 83 رنز پر اس کے پانچ کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے تھے۔ لیکن دوسری جانب کین ولیم سن کی ناقابل شکست 102 رنز نے میچ جیتنے کی پروٹیز کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور جب کھیل ختم ہوا تو میزبان ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنالیے تھے۔ مورکیل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا، انہوں نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں۔