پاکستان
11 دسمبر ، 2013

مری، گلیات، کشمیر اور دیر میں موسم سرما کی پہلی برفباری

مری، گلیات، کشمیر اور دیر میں موسم سرما کی پہلی برفباری

اسلام آباد…مری، گلیات اور کشمیر میں برف باری جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارش ہوئی۔ محکمہٴ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ ڈویژن، کشمیر اور گلگت، بلتستان کے چند مقامات پر مزید ہلکی بارش اور برف باری کا امکان ہے جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند رہے گی۔ مری میں موسم سرما کی پہلی برفباری کا آغاز ہوا تو سیاحوں کے چہرے کھل اٹھے۔ سیروتفریح کیلئے مری آنے والے برف باری سے خوب لطف اندوز ہورہے ہیں۔ نتھیاگلی سمیت گلیات کے مختلف تفریحی مقامات پر برفباری کے بعد موسم سردہوگیاہے۔ سڑکیں، درخت اور گاڑیاں آہستہ آہستہ برف میں ڈھک رہی ہیں۔ آزادکشمیر کے بالائی علاقوں وادیٴ نیلم، وادیٴ لیپہ اور کرنالہ میں پہاڑوں پر برفباری جبکہ شہری علاقوں میں بارش ہوئی۔ موسم کی کروٹ سے فضا میں موجود گرد و غبار چھٹ گیا۔ گلگت، بلتستان اور دیر کے بالائی پہاڑوں پر برف باری سے ٹھنڈ بڑھ گئی ہے۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے چند علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ آج سب سے کم درجہٴ حرارت اسکردو میں منفی 6ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

مزید خبریں :