11 دسمبر ، 2013
کراچی…کراچی میں جاری آپریشن کے دوران ابتک 6687مقامات پر کارروائیاں کی گئیں۔ 513پولیس مقابلوں میں 76ملزمان مارے گئے۔ آپریشن کے دوران پولیس نے ساڑھے 10ہزار سے زائد ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کیا ہے۔ شہر کراچی میں قیام امن کیلئے جاری آپریشن اپنے تیسرے مرحلے میں ہے، کراچی پولیس میڈیا سیل کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق شہر میں آپریشن 5ستمبر کو شروع ہوا۔ پولیس نے مجموعی طور پر 10ہزار6سو 87ملزمان کو گرفتار کیا۔ جس میں 3 ہزار 3سو 12مفرور و اشتہاری اور 342مفرور ملزمان شامل ہیں۔ پولیس کی کارروائیوں کے دوران تین ایل ایم جی، کلاشنکوفوں سمیت 72مشین گنیں۔ 2475مختلف اقسام کے پستول، 86شارٹ گنز اور 116دستی بم و کریکر برآمد کیے ہیں۔5ستمبر سے 10ستمبر تک ٹارگٹ کلنگ کے 241واقعات رونما ہوئے جبکہ 24افراد کو تاوان کے لیے اغواء کیا گیا۔ آپریشن کے باعث خصوصاً ٹارگٹ کلنگ اور اغواء برائے تاوان میں غیرمعمولی کمی آئی ہے لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کے حب کا پہیہ چلانے کیلئے پولیس کو دن دگنی اور رات چوگنی اور محنت کر نا ہوگی۔