12 دسمبر ، 2013
نئی دہلی…وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو دشمنی ختم کرکے ایک دوسرے کی ترقی کے لیے ساتھ دینا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھارتی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویودیتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کو دشمنی کا سلسلہ ختم کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو ترقی کیلئے ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہوگا اور دشمنی کا سلسلہ ختم کرنا ہوگا۔۔ نھوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم ترین مسائل سیاچن، کشمیر، پانی اور سرکریک کا حل انتہائی ضروری ہیں جن کے بعد دونوں ملکوں کی ترقی کی راہیں کھلیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف پاکستان اور بھارت کے درمیان امن، تجارت اور روزگار بڑھانا چاہتے ہیں۔ نوازشریف کی خواہش ہے کہ پاکستان اوربھارت آپس کے مسائل ختم کریں، ان مسائل کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان تجارت سمیت دیگر مواقع کا فروغ ممکن نہیں ہوپارہا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ان دنوں بھارت کے تین روزہ دورے پر ہیں۔ آج نئی دہلی میں شہباز شریف کے اعزاز میں پاکستانی ہائی کمیشن نے عشائیہ دیا جس میں بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید سمیت متعدد سیاست دان شریک ہوئے۔وہ کل چندی گڑھ پہنچیں گے جہاں بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ پرکاش سنگھ بادل ان کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔ شہبازشریف ہفتے کو لدھیانا میں پنجاب ایگری کلچر یونی ورسٹی کا دورہ کریں گے اور ہفتے کی شام کبڈی ورلڈ کپ کے فائنل میں مہمان خصوصی ہوں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اپنے دورے کے آخر میں اتوار کو امرتسر میں واقع اپنے آبائی گاوٴں جاتی عمرہ بھی جائیں گے۔