پاکستان
20 دسمبر ، 2013

شیعہ علماء کونسل کے تحت مختلف شہروں میں مظاہرے

شیعہ علماء کونسل کے تحت مختلف شہروں میں مظاہرے

لاہور…علامہ ناصرعباس کے قتل اورامام بارگاہوں پرحملوں کے خلاف شیعہ علماء کونسل کے تحت مختلف شہروں میں احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین کاکہناتھاکہ نفرتیں پھیلانے والے اسلام اور انسانیت کے دشمن ہیں۔ شیعہ رہنماوٴں کی ٹارگٹ کلنگ اور خود کش دھماکوں کے خلاف لاہور کے علاقے اچھرہ میں نماز جمعہ کے بعد مظاہرہ کیا گیا۔ شیعہ علماء کونسل کے صدر علامہ مظہر عباس علوی نے قیادت کی ۔ مقررین نے حکومت سے دہشت گردی کے خلاف موٴثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔فیصل آباد میں مظاہرہ ضلع کونسل کے باہر کیا گیا۔ مظاہرین نے علامہ ناصر عباس کے قتل اور امام بارگاہوں پر حملوں کے خلاف نعرے لگائے۔مظفرگڑھ میں مظاہرین قنوان چوک پر جمع ہوئے۔ مقررین نے کہا کہ دہشت گردی کے ذریعے فرقہ وارانہ فسادات کی سازش کی جارہی ہے، حکومت اپنا کردار ادا کرے۔جھنگ میں اسلامیہ ہائی اسکول سے ایوب چوک تک ریلی نکالی گئی۔ شرکاء نے نفرتوں اور دہشت گردی کو فروغ دینے والے عناصر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ڈیرہ غازی خان میں امام بارگاہ حیدریہ سے ریلی نکالی گئی، شرکا نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر دہشت گردی اور فرقہ پرستی کے خلاف نعرے درج تھے۔نوابشاہ میں امام بارگاہ مرتضوی کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔ شرکا سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ نفرتیں پھیلانے والے اسلام اور انسانیت کے دشمن ہیں۔ خیرپور میں علامہ سید اسد اقبال کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے علامہ ناصر عباس کے قاتلوں اور امام بارگاہوں پر حملے کرنے والوں کے خلاف نعرے لگائے۔

مزید خبریں :