21 دسمبر ، 2013
ملتان…ملتان میں ایک بار پھر سے دھند نے ڈیرہ جما لیا ہے، شہر میں دھند اور سردی کی شدت نے شہریوں کے معمولات کو بھی متاثر کیا ہے۔ ملتان میں دو روز بعد ایک بار پھر سے دھند کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، ملتان میں آج حد نگاہ 2 سو میٹر جبکہ خانیوال کے علاقہ کچا کہوہ سے ملتان تک موٹر وے پر دھند کے باعث حد نگاہ ایک سو میٹر ہے۔ ملتان میں سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ آج ملتان میں درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ دن کے وقت ہلکی بارش کا امکان ہے۔ دوسری جانب دھند کے باعث ملتان ائیر پورٹ پر ایک بار پھر سے پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے، رات 12 بجے ملتان سے سعودی عرب کے شہر مدینہ جانے والی نجی ایئر لائن کی پرواز این۔ ایل 701 ساڑھے 5 گھنٹے کی تاخیر کے بعد صبح 5 بج کر 45 منٹ پر روانہ ہوئی جبکہ صبح ساڑھے 9 بجے سعودی عرب کے شہر مدینہ سے آنے والی پرواز این۔ ایل 702 کو بھی تاخیر کا سامنا ہے۔