28 مارچ ، 2012
لاہور…پنجاب بورڈ کے اردو معروضی پیپر میں سوال کے جواب میں انوکھی آپشن دی گئی ہے۔ جوابات کی آپشن میں صدر مملکت زرداری کا نام بھی لکھا گیا ہے۔ لاہور بورڈ کے چیئرمین نے انکوائری کا حکم دے دیا۔پنجاب میں آج آٹھوں بورڈ کے زیر اہتمام نویں جماعت کا اردو کا معروضی پرچہ ہوا۔ ایک سوال یہ تھا کہ ہمارا کل نظام زندگی کس چیز پر قائم ہے، اس کے جواب میں چار آپشن دیئے گئے تھے جن میں دولت اور دنیا کے علاوہ زرداری صاحب کا نام بھی شامل تھا۔ بورڈ کی طرف سے جاری وضاحت میں کہا گیا ہے کہ اس بات کی انکوائری ہو گی کہ پیپر بنانے والے نے صدر کے نام کو مذکورہ سوال کے حل کے لیے بطور آپشن کیوں استعمال کیا ہے۔دوسری جانب وزیر تعلیم پنجاب نے پرچے میں صدرکانام شامل کرنے کی تحقیقات کاحکم دیدیا،ملوث افرادکیخلاف محکمانہ کارروائی کی جائیگی،وزیر تعلیم نے بتایا کہ پرچہ ڈیرہ غازی خان کے ٹیچرنے تیارکیاتھا۔