21 جنوری ، 2012
پشاور … خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں جاری کشیدہ حالات کے باعث متاثرین کی نقل مکانی کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں کشیدہ حالات کے باعث متاثرین کی نقل مکانی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق خیبر ایجنسی کے شلوبر قبیلہ کے 138 خاندان نقل مکانی کرکے جلوزئی کیمپ منتقل ہوگئے ہیں۔ جب کہ متاثرہ خاندانوں کو رہائش اور کھانے پینے کی سہولیات فراہم کر دی گء ہیں۔ ذرائع نے جیو نیوز کو چند روز قبل بتایا تھا کہ خیبر ایجنسی سے مزید 3 سے 5 ہزار خاندانوں کی نقل مکانی کا امکان ہے۔ شلوبر قبیلے کے ان خاندانوں کی نقل مکانی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ ادھر پی ڈی ایم اے نے اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں یو این ایچ سی آر، ڈبلیو ایف او اور یونیسف کا ہنگامی اجلاس پیر کو پشاور میں طلب کر لیا گیا ہے۔ جس میں نئے آئی ڈی پیز کی نقل مکانی اور ان کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔