23 دسمبر ، 2013
کراچی …چہلم امام حسین کے سلسلے میں جلوس اور مجالس کا سلسلہ شروع ہوگیاہے ، جس کے لیے ملک بھر میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کراچی اور پشاور میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔ اسلام آباد میں حضرت امام حسین کے چہلم کا جلوس جی سکس ٹو امام بارگاہ سے شروع ہوگیاہے، جس میں عزادار علم تھامے ہوئے ہیں، نوحہ خوانی اور سینہ زنی کی جارہی ہے، یہ جلوس میلوڈی سے گھوم کر واپس جی سکس ٹو امام بارہ گاہ پر اختام پذیر ہوگا، جلوس کی سیکیورٹی کیلئے دوہزار اہل کار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ داخل ہونے سے پہلے تمام لوگوں کی تلاشی لی جارہی ہے۔ راولپنڈی میں بھی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول سے برآمد ہوگا، جلوس کے راستوں کو سیل کرکے سیکیورٹی اہل کاروں کی تعیناتی شروع کردی گئی ہے۔کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ حالات خراب ہوئے تو کرفیو کے آپشن پرغورکرسکتے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملک بھرمیں دس ہزار فوجی جوان فرائض انجام دیں گے۔ کراچی میں آج رات بارہ بجے سے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہوگی، جبکہ صوبے بھر میں دس دن تک اسلحہ لے کر چلنے اور نمائش پر پابندی عائد کردی گئی ہے، سیکیورٹی انتظامات کے پیش نظرسٹی کورٹ میں موجود ماتحت عدالتیں کل بند رہیں گی۔پشاور میں 3 دن کے لیے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی عائد کردی گئی، جس کا فوری اطلاق کیا گیا ہے، افغان مہاجرین کے شہر میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ کوئٹہ میں بھی سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ پولیس، ایف سی سمیت پانچ ہزا راہل کار تعینات ہوں گے، جبکہ تین مقامات پر فوج اسٹینڈ بائی رہے گی، فون سروس معطل رکھنے کیلئے محکمہ داخلہ نے وفاقی حکومت کو مراسلہ بھیجا ہے۔