28 مارچ ، 2012
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہاہے کہ سندھ میں ایک منظم سازش کے تحت نفرت وعصبیت کی آگ بھڑکائی جارہی ہے اورنام نہاد قوم پرست اورسندھ سے تعلق رکھنے والے بعض رہنمااردوبولنے والے سندھیوں جنہیں عرف عام میں مہاجرکہاجاتاہے ، ان کے خلاف اشتعال انگیز اورنفرت آمیز زبان استعمال کررہے ہیں اوردریائے سندھ کوخون میں نہلانے کی باتیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے صدرآصف زرداری، وزیراعظم یوسف رضاگیلانی، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویزکیانی، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹنٹ جنرل ظہیرالاسلام، وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک،گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان ، وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ اور صوبائی وزیرداخلہ منظوروسان سے کہاکہ خدارا ان عناصرکوایک طبقہ ء آبادی کے خلاف اشتعال انگیززبان استعمال کرنے سے روکیں،کہیں ایسانہ ہوکہ بات میرے ہاتھ سے بھی نکل جائے اورعوام معاملات اپنے ہاتھوں میں لے لیں۔اپنے ایک خصوصی وڈیوپیغام میں الطاف حسین نے صدر، وزیراعظم اورآرمی چیف سمیت تمام اعلیٰ حکومتی شخصیات او رسچے محب وطن پاکستانیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ سندھ میں نفرت وعصبیت کی جوآگ بھڑکائی جارہی ہے اس پر ایم کیوایم نے ہمیشہ افہام وتفہیم سے کام لیاہے،ایم کیوایم نے لاکھوں کے جلسہ عام میں بارباراس بات کو دہرایا ہے کہ ایم کیوایم سندھ کی تقسیم نہیں چاہتی لیکن نام نہاد قوم پرست اور سیاسی جماعتوں کے سندھ سے تعلق رکھنے والے بعض رہنما ایسی باتیں کہتے ہوئے نظر آتے ہیں کہ سندھ کی تقسیم کی بات کی گئی تودریائے سندھ کوخون میں نہلادیاجائے گا، فلاں فلاں جگہ کشت وخون ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ جو عناصرگالی،گولی، دہشت گردی اورغنڈہ گردی کی زبان میں بات کرکے اگریہ سمجھتے ہیں کہ اردوبولنے والے سندھیوں جنہیں عرف عام میں مہاجر کہا جاتا ہے ، انہیں دبادیاجائے گا، ڈرا دھمکا دیا جائے گا تویہ بات سمجھ لی جائے کہ یہ 21ویں صدی کازمانہ ہے۔ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ،ہاتھ ملاوٴگے…ہاتھ ملائیں گے۔دل ملاوٴگے…دل ملائیں گے۔پیارکروگے…پیارکریں گے۔کرم کروگے…کرم کریں گے۔ستم کروگے…ستم کریں گے۔ہم آدمی ہیں تمہارے جیسے۔۔۔جوتم کروگے وہ ہم کریں گے۔قائد تحریک الطاف حسین نے کہا کہ امن ویکجہتی کادرس دیتے دیتے میں تونہیں تھکوں گا لیکن اگر اردوبولنے والی سندھی آبادی امن وبھائی چارے اوریکجہتی کادرس سنتے سنتے تھک گئی توالطاف حسین کی امن ویکجہتی کی اپیلیں بھی کام نہیں آئیں گی۔انہوں نے کہاکہ میں ایک مرتبہ پھراپنے چاہنے والوں سے کہتاہوں کہ وہ صبروتحمل سے کام لیں ،اپنے جذبات قابومیں رکھیں اورضبط وبرداشت کادامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔انہوں نے کہاکہ میں دھمکیاں دینے والے نام نہاد قوم پرستوں سے کہتاہوں کہ ہم بھی دیکھیں گے کہ …زورکتنابازوئے قاتل میں ہے ۔