24 دسمبر ، 2013
کراچی …آج ملک بھر میں امام حسین اور شہدائے کربلا کا چہلم نہایت عقیدت اور احترام سے منایا جارہا ہے،مختلف علاقوں میں مجالس عزا منعقد ہورہی ہیں اور جلوس برآمد ہورہے ہیں۔امام عالی مقام اور آپ کے جانثار ساتھیوں کا چہلم آج منایا جارہا ہے۔ ملک بھر میں اس سلسلے میں مجالس کا اہتمام کیا گیا ہے،مجالس کے بعد جلوس بھی برآمد ہورہے ہیں، جن میں شبیہہ علم،ذوالجناح ،تعزیہ اور دوسری زیارات شامل ہیں۔جلوس کے دوران عزادار نوحہ خوانی اور ماتم کر کے امام کا غم منارہے ہیں۔ جلوس کے راستوں میں غم گساروں کے لئے دودھ، شربت کی سبیلوں اور کھانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور 20 سے زائد شہروں میں موبائل فون سروس بھی بند ہے۔