21 جنوری ، 2012
واشنگٹن … ایک امریکی ٹی وی نے دعویٰ کیاہے کہ پاکستان امریکی فوجی ٹرینرز کو دوبارہ آنے کی اجازت دے دے گا۔امریکی ٹی وی کے مطابق پاکستانی سینئر حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پربتایا کہ امریکی فوجی ٹرینر اپریل یا مئی میں دوبارہ پاکستان آسکتے ہیں۔تاہم فوجی ماہرین کی واپسی کچھ شرائط کے تحت ہوگی،اس میں سی آئی اے کے پاکستان میں خفیہ آپریشن ، بلا اجازت ڈرون حملے اورپاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی نہ کرنے جیسی شرطیں شامل ہیں۔اس کے علاوہ امریکیوں کو ڈرون آپریشن کیلیے شمسی ایر بیس یا کوئی اور اڈا نہیں دیا جائے گا۔ اسلام آباد واشنگٹن کے ساتھ تعلقات احترام اور ملکی خودمختاری کے تحت استوارکرے گا۔رپورٹ کے مطابق شرائط تسلیم کیے جانے کے بعدپاکستان افغانستان سے ملحقہ طورخم اورچمن بارڈر کھول دے گاجونیٹوسپلائی کااہم راستہ ہے۔ جس کے ساتھ ہی امریکی اسپیشل فورسز ٹیم سمیت فوجی ٹرینرز کی واپسی کے علاوہ سی آئی اے کے ساتھ قریبی تعلقات بھی بحال ہوجائیں گے۔سینئرپاکستانی عہدے دارکاکہنا ہے کہ نئی شرائط امریکا کو پیش کیے جانے کے بعد معاملات میں جلد پیشرفت کا امکان ہے۔ٹی وی کے مطابق پاکستانی پارلے منٹ امریکا کے ساتھ تعلقات کاجائزہ لے رہی ہے اور توقع ہے سیاستدان تیس جنوری تک تعلقات کی بحالی کیلیے شرائط کی فہرست فراہم کردیں گے۔