25 دسمبر ، 2013
اسلام آباد…صدر ممنون حسین نے پرویز مشرف کے خلاف کاروائی سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہو ئے کہا کہ آج قائد اعظم کی پیدائش کا دن ہے، اچھی اچھی باتیں کریں وہ ایوان صدر اسلام آباد میں قائد اعظم کے یوم پیدائش کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے بعد میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کر رہے تھے۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید بھی ان کے ہمراہ تھے۔ جیو نیوز کے نمائندے ارشد وحید چودھری نے صدر ممنون حسین سے پوچھا کہ جمہوریت پر شب خون مارنے والے سابق صدر پرویز مشرف کا ٹرائل کیا اس بات کا ثبوت ہے کہ جمہوریت مضبوط ہو چکی ہے تو صدر ممنون حسین نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ آج بہت اچھا دن ہے ،قائد کا یوم پیدائش ہے اس لیے آج اچھی اچھی باتیں کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جمہوریت کے حوالے سے ترکی کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہئیے ،انہوں نے کہا کہ انہیں ترک صدر نے بتایا کہ وہاں 400 فیصد تک افراط زر تھا لیکن جمہوریت کی مضبوطی اور کامیابی سے یہ 4 فیصد تک آ چکا ہے۔صدر ممنون حسین نے کہا کہ ایوان صدر کو قومی تقریبات کا گہوارہ بنایا جائے گا۔