پاکستان
25 دسمبر ، 2013

بابائے قوم نے تحریک پاکستان کی جدوجہدمیں نوجوانوں کوشامل کیا

بابائے قوم نے تحریک پاکستان کی جدوجہدمیں نوجوانوں کوشامل کیا

پشاور…قائد اعظم محمد علی جناح ایک ذہین نوجوان لیڈر کے طور پر ایک الگ ریاست کے حصول کے لیے آگے بڑھے اور اپنے ساتھ نوجوانوں کولے کر تحریک آزادی کے لیے جدوجہد کی۔ قائداعظم کی شخصیت آج کے نوجوانوں کیلئے بھی مشعل راہ ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح ایک ایسی ہستی کا نام ہے جس کی شخصیت کا سحر 64سال بعد بھی قائم ہے اور ہمیشہ قائم رہے گا۔ بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح جو ایک نوجوان لیڈر کے روپ میں سامنے آئے اور مسلمانوں کے لیے ایک الگ خود مختار ریاست کے لیے تحریک میں دوسرے نوجوانوں کو اپنی طرف کھینچ لیا۔ قائداعظم کی زندگی کا ہر پہلو نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ تحریک پاکستان کے دوران اور قیام پاکستان کے بعد بانی پاکستان نے تین بار خیبرپختون خوا کا دورہ کیا۔ بابائے قوم نے اسلامیہ کالج کے طلباء کو اپنے جوش خطابت اور منفرد انداز گفت گو سے گرویدہ بنایا۔ انہوں نے نوجوانوں کو ملک و قوم کے لیے قربانی دینے اور کچھ کر دکھانے کا درس دیا۔ ”کام، کام اور بس کام“، ”تعلیم تلوار سے کہیں زیادہ طاقتور ہے“ جیسے اقوال زریں آج بھی اس خطے کے نوجوانوں کیلئے انمول تحفہ ہیں۔ موجودہ حالات میں پاک وطن کو کئی بحرانوں اور اندرون و بیرونی چیلنجوں کا سامنا ہے، جوان خون اگر بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں کو دل میں جگہ دے، تو وہ دن دور نہیں کہ ہمارا پیارا ملک پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک عظیم طاقت بن کر ابھرے گا۔

مزید خبریں :