29 مارچ ، 2012
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے کوئٹہ کے علاقے اسپینی روڈ پرمسافر وین پر فائرنگ کرکے معصوم مسافروں کوہلاک وزخمی کرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے بدترین دہشت گردی اور انسانیت سوزواقعہ قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والے افراد کیلئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمی ہونیوالے افراد کو جلد صحت یابی عطا کرے۔انھوں نے صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور وزیر اعلیٰ بلو چستان اسلم رئیسانی سے مطالبہ کیا کہ اسپینی روڈ پر مسافر وین پرفائرنگ کا نوٹس لیا جائے اور اس واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق قرار واقعی سزادی جائے اور عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ٹھوس مثبت اقدمات بروئے کار لائے جائے۔دریں اثناء الطا ف حسین نے ایبٹ آباد کے علاقے جوئیہ میں ویگن کھائی میں گرنے کے نتیجے میں متعددفراد کی ہلاکت اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے مرحومین کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعاکی اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوارلواحقین کو صبر وجمیل عطا فرمائے۔ (آمین) الطاف حسین نے زخمی ہونے والے افراد کے لئے جلد و مکمل صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ۔