13 جنوری ، 2014
اسلام آباد…جماعت الدعوة کے امیر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ امریکا افغانستان سے نکل رہا ہے، بھارت کو کشمیر سے نکلنا ہوگا ، دفاع پاکستان کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق کہتے ہیں کہ قوم استعماری طاقتوں کے شکنجے میں ہے ، اسے آزاد کرانا ہوگا۔ اسلام آباد میں پاکستان کو درپیش چیلنجز کے موضوع پر میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد سعید کا کہنا تھا کہ امریکہ اپنی حیثیت کھوکر واپس جا رہا ہے ، بھارت کو بھی کشمیر سے نکلنا ہوگا۔، امریکہ اور بھارت کو پریشانی ہے کہ کل کیا کچھ ہو نے والا ہے، امریکہ کی 2014میں واپسی ہے اور اگر یہ ہو ئی اور یہ ہو نی ہے، میں نہیں مانتا کہ اس کے رکنے کی کوئی گنجائش ہے، بہانے تو بنائے جا رہے ہیں کہ کرزئی دستخط کر دیں اسکا کو ئی وزیر ہی دستخط کر دے۔ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے دفاع پاکستان کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ حکمران طبقہ استعماری طاقتوں کے شکنجے میں ہے جسے آزاد کرایا جائے، دفاع پاکستان کونسل قوم کو آزاد کرانا چاہتی ہے تاکہ ہم آزاد قوموں کی طرح فیصلے کر سکیں، اس موقع پر جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیا قت بلوچ نے کہا کہ ملک میں گیس ہے نہ بجلی ، قرضوں سے ملکی معیشت میں بہتری نہیں آسکتی اور یہ معیشت کشکول پھیلانے ، شرمناک شرائط پر بہتر نہیں ہو گی بلکہ خود انحصاری ، دیانت اور سادگی اپنانے سے ہو گی۔ تقریب سے اہلسنت والجماعت کے سربراہ مولا نا احمد لدھیانوی نے بھی خطاب کیا، مقررین نے میڈیا کے کردار پر بھی اظہار خیال کیا ، مقررین نے ملک سے فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے مل کرکام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔