15 جنوری ، 2014
کراچی…عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر ملک بھر میں نکالے گئے جلوس اپنی اپنی منزلوں پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگئے۔عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر ملک بھر میں جلوس اور محافل کا انعقاد کیا گیا، عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے محبوب خدا کا ذکر کیا، درودوسلام اور نعتیں پڑھیں۔ بیشتر شہروں میں مرکزی جلوس اپنی منزلوں پر پہنچ گئے۔ ملک بھر میں آج عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ ملک بھر میں محافل ہوئیں اور جلوس نکالے گئے۔ کراچی میں عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں پر ہوتا ہوا اختتام پذیر ہوا۔ کوئٹہ میں عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کاجلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا منان چوک پر ختم ہوا۔ اسلام آباد میں مرکزی جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا آبپارہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔ لاہور میں عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کا مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا داتا دربار پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ ملتان میں 12ربیع الاول کا مرکزی جلوس اختتام پذیر ہوگیا ہے، جس کے بعد شہر میں نعت کی محافل کا اہتمام کیا گیا ہے۔