پاکستان
30 مارچ ، 2012

نیٹو سپلائی اور ڈرون کے حوالے سے قوم کو حقائق سے آگاہ کیا جائے، الطاف حسین

 نیٹو سپلائی اور ڈرون کے حوالے سے قوم کو حقائق سے آگاہ کیا جائے، الطاف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پاکستانی اسٹیبلشمنٹ اور موجودہ حکمرانوں سے کہا ہے کہ وہ نیٹو سپلائی اور ڈرون حملوں کے حوالے سے قوم کو جرات اور بہادری کے ساتھ اصل حقائق سے آگاہ کریں نہ کہ بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوم کو مختلف موشگافیوں میں مبتلا کرنے اور گمراہ کرنے کا مجرمانہ فعل ادا کررہے ہیں ۔ الطاف حسین نے کہا کہ ایک طرف بار بار قومی اسمبلی اور سینیٹ کا جوائنٹ سیشن بلا کر رائے لی جاتی ہے کہ نیٹو سپلائی بحال کی جائے یا نہ کی جائے اور کہا جاتا ہے کہ جب تک کہ ڈرون حملے بند نہ ہوں گے نیٹو سپلائی بحال نہیں ہوگی جبکہ دوسری طرف ڈرون حملے تواتر کے ساتھ بلاخوف و خطر جاری و ساری ہیں ، 30مارچ کو بھی دو امریکی ڈرون حملے پاکستان پر ہوئے ،جس پر ملک کی وزارت خارجہ اور حکومتی ارکان کا کوئی بیان ان ڈرون حملوں پر حمایت ، مخالفت یا مذمت میں جاری نہیں ہوتا جبکہ ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں بھی مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ، ان میں سے بعض سیاسی خصوصاً مذہبی جماعتیں بار بار یہ بیان دیتی رہی ہیں کہ اگر اب کہ پاکستان کی سرحدوں پر کوئی ڈرون حملہ ہوا تو وہ اس کا بھرپور جواب دیں گی ۔ ایسی دعویدار جماعتیں بھی جب ڈرون حملہ ہوتا ہے تو چوہے کی طرح خطرے کی گھنٹی سنتے ہی اپنے بل میں جاگھستی ہیں ۔الطاف حسین نے کہا کہ قوم کے ساتھ یہ مذاق اب ختم ہونا چاہئے اور قوم کو صاف صاف بتادینا چاہئے کہ اب ہماری غیرت و حمیت کا جنازہ نکل چکا ہے جبکہ حقائق یہ ہیں کہ ہم ماضی کی طرح ایک مرتبہ پھر اپنے قول و فعل کے تضاد اور منافقت سے کام لے رہے ہیں تاکہ ہماری سیاسی اور مذہبی دکانوں کا کام چلتا رہے ۔ آخر میں الطاف حسین نے کہا کہ زندہ اور بہادر قوموں کی طرح جو بھی حقائق ہیں اس سے قوم کو آگاہ کیا جائے خواہ اس میں ہزیمت کا سامنا ہی کیوں نہ کرنا پڑے۔

مزید خبریں :