21 جنوری ، 2014
نئی دلی…ششی تھرور کی بیوی سنندا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آگئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ان کی موت نیند کی ستائیس گولیاں نگلنے سے ہوئی،دلی پولیس نے اس معاملے میں بھارتی وزیر کو بری الذمہ قرار دیا ہے۔ بھارتی وزیر ششی تھرور کی اہلیہ سنندا تھرور کی موت کو 72 گھنٹے گزر چکے ہیں،ہر گزرتے دن کے ساتھ اس پراسرار موت کے اوپر نئے سوالات کھڑے ہورہے ہیں،تین دن بعد انڈین انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی ٹیم نے حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ تو اسپیشل ڈویشنل مجسٹریٹ کے سپرد کردی ہے،لیکن اس رپورٹ نے بھی نیا پنڈورا بکس کھول دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سنندا کی موت خواب آور دواوٴں کی زیادہ مقدار لینے سے ہوئی، وہ بھی ان دواوٴں سے جن کے بارے میں ڈاکٹرز نے خاص طور پر انہیں کہا تھا کہ خاص مقدار سے زیادہ نہ کھائی جائیں، موت کی وجہ تو معلوم کرلی گئی لیکن یہ معمہ حل نہ کیا جاسکا کہ ان کے جسم پر زخموں کے پندرہ نشان کیسے آئے، کہیں کسی نے آخری وقت میں سنندا کو زدو کوب تو نہیں کیا،یا ایسا تو نہیں کہ کوئی جانتا تھا کہ کون سی دوا سنندا کو نیند میں نہیں ،بلکہ ہمیشہ کی نیند میں دھکیل سکتی ہے اور اسی نے زور زبر دستی کرکے کام دکھادیا، پوسٹ مارٹم کرنے والی تین رکنی کمیٹی کے ایک رکن ڈاکٹر آدرش کمار نے کہا ہے کہ یہ بات اب بھی خارج الامکان نہیں ہے کہ سنندا کی موت زہر سے ہوئی، تاہم تحقیقات مکمل ہونے کا انتظار کرنا ہوگا۔ ادھر بھارتی میڈیا کے مطابق ہوٹل انتظامیہ،سنندا کے قریبی رشت دار اور دوستوں سے پوچھ گچھ جاری ہے جو دو روز کے اندر اندر مکمل ہوجائے گی۔ توقع ہے کہ سنندا کی موت کا راز بدھ تک کھل جائے گا۔